برائیڈل میک اپ

ads

شادی کرنا اور دلہن بننا ہر لڑکی کی زندگی کا اہم خواب ہوتا ہے اور یہ خواب شرمندہ تعبیر بھی ہوتا ہے. موجودہ دور میں برائیڈل میک اپ کو شادی کی تقریب کا اہم ترین جز تصور کیا جاتا ہے. عام طور پر سہلیاں دلہن کو تیار کرتی ہیں لیکن آج کل ہر جگہ بیوٹی پالر کھل جانے سے برائیڈل میک کروانا آسان ہو گیا ہے. بیوٹی پالر سے میک اپ کروانا تو آسان ہے مگر پالر سے میک اپ کروانے کیلئے آپ کواچھی خاصی رقم ادا کرنا پرتی ہے. اکثر دلہنیں مہنگے پالر افورڈ نہیں کر پاتیں اور نتیجتاً انہیں کسی دوست یا دوسری خاتون کی مدد لینا پڑتی ہے.

بہتر یہ ہے کہ اتنے خاص موقع کیلئے کسی ماہر بیوٹیشن کی خدمات حاصل کی جائیں، لیکن اگر گھر پر کوئی خاتون برائیڈل میک اپ کے طریقوں سے واقف ہو تو وہ میک اپ کرسکتی ہے. اگر آپ میک اپ کے طور طریقوں سے واقف ہیں اور بیوٹی پالر کی بجائے خود گھر پر برائیڈل میک اپ کرنا چاہتی ہیں تو مندرجہ ذیل میں برائیڈل میک اپ کا مکمل طریقہ بتایا گیا ہے جس سے آپ باآسانی بغیر بیوٹی پالر جائے دلہن کو تیار کر سکتی ہیں.

گھر پر برائیڈل میک اپ کرنے کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل چیزوں کی ضرورت ہو گی.

✤ فاؤنڈیشن (جلد کی ہم رنگ یا براؤن کلر کی بھی استعمال کی جا سکتی ہے)
✤ سکن شائنر
✤ پین سٹک (جلد کی ہم رنگ، گولڈن یا پنک)
✤ بلش آن (پنک، لائیٹ براؤن یا اورنج)
✤ آئی شیڈو کٹ (چمکدار رنگوں والی)
✤ آئی لیشز اور آئی لائنر
✤ لپ اسٹک، لپ گلوس (ہونٹوں کی رنگت کی مناسبت سے یا پنک)
✤ مسکارا، کنسیلر اور برونزر
✤ ہئیر سپرے اور ہئیر جیل

برائیڈل میک اپ کرنے کا طریقہ

برائیڈل میک میں فیس بیس بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے، لہذا فیس بیس کو ہمیشہ دلہن کی رنگت کی مناسبت سے منتخب کریں تاکہ میک اپ کے دروان پریشانی سے بچا جا سکے. برائیڈل میک اپ شروع کرنے کیلئے مندرجہ ذیل طریقہ کار پر عمل کریں.

برائیڈل میک اپ شروع کرنے سے پہلے دلہن کے چہرے اور ہاتھوں کی تھریڈنگ کریں تاکہ چہرے اور ہاتھوں سے غیر ضروری بال ختم ہو جائیں اسکے بعد کسی اچھی موائسچرائزنگ کریم یا لوشن سے ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں تاکہ جلد میں نمی آ جائے. مساج کرنے کے بعد چہرے کو ٹشو پیپر سے اچھی طرح صاف کر یں. پھر چہرے پر 10 منٹ تک آئس کیوبز ملیں اور چہرے کو دھو کر اچھی طرح صاف کر لیں. ایسا کرنے سے میک آسانی سے ہو گا اور دلہن خوبصورت نظر آئے گی.

تھریڈنگ اور مساج کے بعد فیس بیس بناتے ہیں اور پھر باقی میک اپ کرتے ہیں. فیس بیس بنانے کیلئے مندرضہ ذیل طریقے پر عمل کریں. اگر چہرے پر کیل مہاسے یا داغ دھبے موجود ہوں تو انہیں چھپانے کے لئے آپ کنسیلر کا استعمال کریں تاکہ داغ دھبوں اور کیل مہاسوں کے نشانات چھپ جائیں.

✤ پورے چہرے اور گردن پر کلینزنگ ملک لگائیں اور تھوڑی دیر تک مساج کریں. پھر چہرے اور گردن کو اچھی طرح صاف کر لیں، اگر چہرہ چکنا لگے تو دلہن کا منہ دھلائیں. چہرے کو صاف کرنے کیلئے تولیے کی بجائے ٹیشو پیپر استعمال کریں.

✤ چہرے اور گردن کی صفائی کے بعد چہرے پر سکن ٹونک (Skin Tonic) اپلائی کریں. ایسا کرنے کیلئے روئی کا ٹکڑا پانی میں بھگو لیں اور اس پر سکن ٹونک لگا کرروئی چہرے اور گردن پر تھپتھپائیں اور خشک ہونے تک چھوڑ دیں.

✤ سکن ٹونک کے خشک ہونے کے بعد چہرے اور گردن پر پین سٹک اچھی طرح لگائیں. دلہن کا چہرہ دیکھیں، جو حصے دبے ہوئے نظر آ رہے ہیں ان پر Rough لگا دیں تاکہ دبے ہوئے حصے ابھر سکیں. Rough کو ہلکے ہاتھ سے جہاں جہاں لگائیں جزب کر دیں.

✤ فاؤنڈیشن چہرے، گردن، کندھوں اور کانوں کے پیچھے دھبوں کی صورت میں لگائیں اور پھر انگلیوں کی مدد سے اچھی طرح پھیلا دیں. فاؤنڈیشن ایک لیول میں نیچے سے اوپر کی طرف لگائیں تاکہ تمام حصے ایک جیسے نظر آئیں.

✤ اسکے بعد فیس پاؤڈر چہرے اور گردن پر اچھی طرح لگائیں، پاؤڈر کا استعمال زیادہ کریں. پاؤڈر لگانے کے لئے ہاتھون کی بجائے روئی یا برش کا استعمال کیا جا سکتا ہے. اچھی طرح فیس پاؤڈر لگانے کے بعد روئی کے ٹکڑے کو پانی میں ڈبو کرنچوڑ لیں. روئی سے چہرے اور گردن کو تھپتھپائیں تاکہ فالتو فیس پاؤڈر نکل جائے.

فیس بیس کے بعد گردن پرکوئی میک اپ اپلائی نہیں کرنا. پین سٹک پورے چہرے پر دھبوں کی صورت میں لگائیں اور ہاتھوں سے پھیلا دیں. اگر چہرے پر روئیں پڑ جائیں تو انہیں ٹیشو پیپرکے ذریعے نیچے سے اوپر کی طرف صاف کر دیں. اسکے بعد سکن شائنر پورے چہرے پر لگا کر ہاتھوں کی مدد سے پھیلا دیں.

چہرے پر بلش آن سٹک گالوں سے کانوں کی طرف اپلائی کریں. اسکے بعد بلش آن پاؤڈر بھی اسی جگہ لگائیں جہان بلش آن سٹک اپلائی کی تھی اور ہاتھ سے گالوں کی طرف سے کانوں کی طرف پھیلا دیں.

آئی شیڈو پینسل سے آنکھ کے اوپر والی طرف پوری اور نیچے کی طرف آدھی لائن بنائیں. اسکے بعد آئی شیڈو اپلائی کریں. اگر آپ آنکھوں پر ایک سے زیادہ رنگ اپلائی کرنا چاہتی ہیں تو آنکھ کے آدھے حصے پر پہلے ایک رنگ کا آئی شیڈو اپلائی کریں اور باقی آدھے حصے پر اس سے ملتے جلتے رنگ کو لگائیں. دونوں رنگوں کے ملنے والی جگہ پر آئی شیڈو برش پھریں تاکہ دونوں رنگ الگ الگ نظر نہ آئیں.

برش کی مدد سے آنکھوں کے سب سے اوپر والے حصے پر گولڈن یا سلور ہائی لائٹ لگائیں. یہ کپڑوں کی مناسبت سے لگایا جائے، مثلاً کپڑوں پر گولڈن رنگ کا کام ہے تو گولڈن اور اگر سلور رنگ کا کام ہے تو سلور رنگ کا لگانا چاہیے.

اسکے بعد آئی برو پینسل سے بھنوئیں بنائیں اور پھر آئی برو برش سے صاف کردیں تاکہ پینسل کا رنگ ہر جگہ سے ایک جیسا نظر آئے. اس کے بعد مصنوعی آئی لیشز لگائیں اور باریک آئی لائنر سے آنکھ کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک لائن لگائیں اور پھر پلکوں پر مسکارا لگائیں.

ہونٹوں پر لپ لائنر سے آؤٹ لائن بنا لیں اور پھر لپ اسٹک اپلائی کریں. اگر ہونٹ خشک ہوں تو لپ گلوس لگائیں. دونوں بھنوؤں کے درمیان پینسل سے بندیا بنا دیں اور اس کے چاروں طرف گولڈن یا سلور ہائی لائٹنر لگا ئیں.

آخر میں ہاتھوں اور پاؤں کے ناخنوں پر لپ اسٹک اور کپڑوں سے ملتے جلتے رنگوں کی نیل پالش لگائیں. نیل پالش کے علاوہ آپ ناخنون پر نیل گلٹر یا نیل آرٹ سے مختلف ڈیزائن بھی بنا سکتی ہیں. بالوں کو کنگی کر یں اور ان پر ہیئر سپرے کریں اور ہیئر جیل لگا کر چائیں تو انہیں کھلا چھوڑ دیں یا من پسند ہیئر سٹائل بنا لیں.

لیجیئے آپ کا برائیڈل میک اپ مکمل ہو گیا ہے. شادی کے تینوں دن کے میک اپ کا تاثر مختلف ہونا چاہیے. شادی کے تینوں دن ہلکی بیس لگائیں مگر مہندی والے دن سب سے کم میک اپ کریں جو بالکل ہلکا پھلکاتاثر دے. پھر بارات والے دن بھی ہیوی بیس کی بجائے لائٹ بیس ہی لگائیں مگر تھوڑازیادہ میک اپ کرنے میں ہرج نہیں. اسی طرح ولیمے والے دن کا میک اپ مہندی والے میک اپ سے تھوڑا زیادہ اور رخصتی والے میک اپ سے نسبتاً کم ہو، ایسا کرنے سے دلہن شادی کے تینوں دن منفرد نظر آئے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں