کپڑوں سے داغ دھبے اتاریں

ads

کپڑوں پر اکثر کھانے پینے یا کام کاج کے دروان، اور خاص طور پر جن گھروں میں چھوٹے بچے موجود ہوں وہاں کپڑوں پر داغ دھبے لگنا معمول کی بات ہے. اپنے استعمال کے کپڑے ہوں ، بچوں کے یا گھر میں استعمال ہونے والے کپڑے اگر داغ دار ہو جائیں تو خاتون خانہ کی پریشانی میں اضافہ ہو جاتا ہے. کیونکہ داغ دار کپڑوں کو دھونا اور ان پر سے داغ ہٹانا مشکل کام ہے، جو وقت کے ساتھ ساتھ محنت طلب ہے.

بہت سی خواتین کپڑے دھونے اور ان سے داغ دھبے اتارنے میں لاپروائی کرتی ہیں اور انہیں اس بات کا بلکل اندازہ نہیں ہوتا کہ کون سے کپڑے پہلے دھونے ہیں اور کن کو بعد میں. اور اسی بے خیالی میں بعض اوقات کپڑوں پر مختلف قسم کے داغ دھبے لگ جاتے ہیں، جو کئی مرتبہ دھونے کے بعد بھی نہیں اترتے، جن سے اکثر کپڑے بدنما ہو جاتے ہیں اور پہننے کو بھی جی نہیں کرتا.

مندرجہ ذیل میں کپڑوں کو دھونے کی ٹپس اور ان پر لگے داغ دھبے ہٹانے کے چند مفید گھریلو ٹوٹکے بیان کیے گئے ہیں. جن کو بروئےکار لا کر نہ صرف آپ کپڑوں سے داغ دھبے صاف کر سکتی ہیں بلکہ انہیں بے رنگ ہونے سے بھی بچا سکتی ہیں.

کپڑوں کی دھلائی کیسے کی جائے؟

کپڑوں کی دھلائی کے دروان اگر آپ ان باتوں پر عمل کریں تو آپ دھلائی کے دروان پیش آنے والے مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہیں.

کپڑے دھونے کیلئے سب سے پہلے کپڑوں کی چھانٹی کا کام کریں. جو کپڑے زیادہ گندے اور وزنی ہیں انہیں کم وزنی اور کم گندے کپڑوں سے علیحدہ کر لیں، اسی طرح ملتے جلتے رنگ کے کپڑوں کو بھی علیحدہ کر لیں. جن کپڑوں کا رنگ نکلتا ہو انہیں بھی پکے رنگ والے کپڑوں سے علیحدہ کرلیں تاکہ دھلائی کے دروان ان کا رنگ دوسروے کپڑوں کو نہ لگے، اور دھلائی کرنے میں بھی آسانی ہو.

کپڑے دھونے سے پہلے ان کے بٹن اور زپ وغیرہ بند کر دیں تاکہ دھلائی کے دروان کپڑے آپس میں نہ الجھیں. اسکے علاوہ بٹن، ہک اور زپ کے کھلے رہ جانے کی وجہ سے نہ صرف یہ خود خراب ہو تے ہیں بلکہ مشین کے ڈرم پر لائنیں یا خراشیں بھی ڈال دیتے ہیں. اور بعض اوقات مشین ڈرام میں پھنس کر مشین کی خرابی کا باعث بھی بن جاتے ہیں.

کپڑوں کی دھلائی کم گندے یا سفید رنگ کے کپڑوں سے شروع کریں اور تولیوں اور موزون وغیرہ کو سب سے آخر میں دھوئیں. کپڑے مشین میں ڈالنے سے پہلے ان کے جیب وغیرہ اچھی طرح چیک کر کے خالی کر لیں اور ان میں موجود سکے اور دھات سے بنی دوسری چیزیں نکال دیں. کیونکہ سکے اور دھات کی اشیاء بھی مشین میں بٹن، ہک یا زپ جیسا عمل کر سکتے ہیں.

کپڑوں کی دھلائی کے لیے ایک مخصوص ٹائم ٹیبل بنائیں مثلاً اگر آپ ہفتے یا 15 دن میں ایک بار دھلائی کرتی ہیں تو پہلی بار میں سارے پہننے والے کپڑوں کی دھلائی کی جائے اور اگلی باری میں گھر کے دوسرے کپڑوں جیسے بیڈ شیٹ، تکیوں کے غلافوں، کشنوں اور تولیوں وغیرہ کی. ایسا کرنے سے نہ صرف مقررہ وقت پر تمام کپڑوں کی مناسب دھلائی کی جا سکے گی بلکہ آپ گھر کے دوسر کام بھی باآسانی سر انجام دے سکے گی اور تھکاوٹ بھی نہیں ہو گی.

عموماً شرٹس وغیرہ کے کالر پر بہت زیادہ میل جمی ہوتی ہے، ایسی شرٹوں کو مشین میں ڈالنے سے پہلے ان کے کالر پر واشنگ پاؤڈر ڈال کر برش سے رگڑ کر صاف کر لیں. کپڑوں کا رنگ ہلکا ہونے سے بچانے کیلئے انہیں الٹا کر کے دھوئیں اور سوکھنے کیلئے بھی الٹا ہی لٹکائیں. نئے اور گہرے رنگ کے کپڑوں کو پہلی دھلائی میں اگر ٹھنڈے پانی میں نمک ملا کر دھوئیں تو ان کا رنگ فک نہیں پڑتا.

داغ دھبے اتارنے کے گھریلو ٹوٹکے

کپڑوں سے داغ دھبے آسانی کے ساتھ اتارنے کیلئے آپ واشنگ پاؤڈر کے علاوہ اپنے کچن میں موجود اشیاء کا استعمال بھی کر سکتی ہیں. مندرجہ ذیل میں کپڑوں سے گہرے اور ضدی داغ دھبے اتارنے کے لیے چند گھریلو ٹوٹکے بیان کیے گئے ہیں. ان گھریلو ٹوٹکوں سے آپ کپڑوں کے ریشوں اور رنگ کو کوئی نقصان بہنچائے بغیر ضدی داغ دھبے باآسانی اتار سکتی ہیں.

سیاہی کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے سیاہی کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے داغ باآسانی اتر جائیں گے.

✤ سفید کپڑوں پر سے نیلی یا کالی سیاہی کے داغ دور کرنے کے لئے ایک لیموں لے کر اس کا رس داغ والی جگہ پر نچوڑیں اور خوب رگڑیں، کپڑے کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور دھوپ میں ڈال دیں. اسکے علاوہ نیلی سیاہی کے داغ کو دودھ میں پندرہ منٹ بھگو کر رکھنے سے بھی داغ اتر جاتا ہے.

✤ کپڑوں پر اگر سیاہی یا بال پوائنٹ کی لکیریں لگ جائیں تو سپرٹ لگا کر صاف کرنے سے لکریں مٹ جاتی ہیں. اسکے علاوہ داغ کو چند گھنٹے ٹماٹر کے رس میں بھگو کر رکھیں اور پھر دھولیں، اگر داغ پھر بھی نہ اترے تو 2 چمچ دہی داغ پر ملیں اورچند منٹ بعد کپڑے دھونے والے صابن سے اچھی طرح دھو لیں.

✤ کپڑوں پر اگر سرخ سیاہی کے داغ لگ جائیں تو انہیں صاف کرنے کیلئے داغوں پر الکحل لگائیں داغ دور ہوجائیں گے. سیاہی کا داغ اگر پکا ہو تو اسے مٹانے کیلئے تارپین اور ایمونیا برابر وزن میں لیں اور داغ دار کپڑے کو اس میں 2 سے 3 گھنٹوں بھگودیں پھر نیم گرم پانی سے دھولیں، داغ اتر جائے گا.

خون کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے خون کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے خون کے داغ باآسانی اتر جائیں گے. کپڑوں پر تازہ خون کے داغ ہمیشہ ٹھنڈے پانی سے دھوئیں گرم پانی استعمال کرنے سے داغ پکے ہوجاتے ہیں.

✤ اگر کپڑوں پر خون کے دھبے لگ جائیں تو ان پر نشاستے کی لئی پکاکر لگائیں، جب لئی سوکھ جائے تو برش سے رگڑ کرصاف کریں، داغ اتر جائے گا. اسکے علاوہ خون کا دھبہ دور کرنے کیلئے گرم پانی میں چند چمچ ایمونیا ڈال کر داغ والا حصہ بھگو دیں تھوڑی دیر بعد خوب رگڑ کر دھوئیں تو داغ اتر جائے گا.

✤ خون کے پرانے داغ کو ایمونیا لگا کر10 منٹ کیلئے چھوڑ دیں اور پھر صابن سے دھولیں. ایمونیا کے علاوہ آپ داغ مٹانے کیلئے نمک بھی استعمال کر سکتی ہیں. سفید کپڑوں سے خون کے دھبے مٹانے کیلئے دھبہ والی جگہ کو 5 گھنٹوں تک دودھ میں بھگوئیں اور پھر گرم پانی اور صابن سے رگڑ کر دھو ئیں تو داغ اتر جاتا ہے.

چائے اور کافی کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے چائے یا کافی کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے داغ باآسانی اتر جائیں گے.

✤ اگر کسی کپڑے پر پرانا چائے یا کافی کا داغ لگا ہوتو داغ پرسہاگہ رگڑیں اور گرم پانی سے دھوئیں، داغ اترجائے گا. کپڑوں سے چائے کا داغ دور کرنے کیلئے داغ والی جگہ کو چند منٹوں کیلئے آلوﺅں کے پانی میں ڈبوئیں اور صابن سے دھولیں. اسکے علاوہ داغ پر اسپرٹ لگائیں، چند منٹ بعد نیم گرم پانی اور صابن سے دھولیں.

✤ اگر سفید کپڑے پر چائے یا کافی کا داغ پڑ جائے تو اسے ہائیڈروجن پر آکسائیڈ لگا کر چند منٹوں کیلئے دھوپ میں رکھ دیں، دھونے پر داغ مٹ جائے گا. اگر داغ کسی ریشمی کپڑے پر لگ جائیں تو ان پر گلیسرین لگاکر چند منٹوں تک چھوڑ دیں اور پھر گرم پانی سے دھوئیں. سفید سوتی دھاگے کے کپڑے پر لگے داغ پر کھولتا ہوا پانی ڈالیں داغ مٹ جائیں گے.

✤ چائے یا کافی کے داغ پر بلیچنگ پاﺅڈر اور پانی لگا کر 5 سے 10 منٹ کیلئے دھوپ میں رکھ دیں. خشک ہونے پر گرم پانی سے رگڑ کر دھوئیں. اسکے علاوہ چائے یا کافی کے داغ کو اتارنے کیلئے داغ پر پٹرول لگائیں اورچند منٹ بعد گرم پانی اور صابن سے دھوئیں، داغ آسانی سے صاف ہو جائے گا.

پان کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے پان کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے پان کے داغ باآسانی اتر جائیں گے.

✤ کپڑوں سے پان کے داغ دھبے مٹانے کے لیے پھٹکری کا پاؤڈر داغ پر ملیں، چند منٹ بعد نیم گرم پانی اور صابن سے دھوئیں. اسکے علاوہ اگر پان کے داغوں پر کچا امرود رگڑا جائے تو بھی داغ اتر جاتا ہے.

✤ پان کے داغ اتارنے کیلئے داغ پر پیاز رگڑ کر تھوڑی دیر چھوڑدیں، پھر صابن سے دھوئیں. پان کا داغ اگر سفید کپڑے پر ہو تو داغ پر چونا لگا کر چھوڑ دیں، دوسرے دن رگڑ کر دھولیں. اسکے علاوہ پان کے داغ والے حصے کو گندھک کا دھواں دینے سے بھی داغ مٹ جاتا ہے.

سالن کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے سالن کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے داغ باآسانی اتر جائیں گے.

✤ ریشمی کپڑے پر سالن کے داغ مٹانے کیلئے داغ پر فوراً ٹالکم پاﺅڈر چھڑک دیں، پاﺅڈر تمام چکنائی جذب کرلے گا. خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے اچھی طرح رگڑ کردھولیں. اسکے علاوہ سالن کے داغ پر گلیسرین لگاکر 30 منٹ تک چوڑ دیں پھر صابن سے دھوئیں تو داغ مٹ جاتا ہے.

✤ سالن کے داغ پر صابن کی ٹکیہ گیلی کرکے رگڑیں اورچند منٹ دھوپ میں سوکھنے دیں. جب سوکھ جائے تو نیم گرم پانی سے رگڑ کر دھوئیں داغ مٹ جائے گا. پان والا چونا اور چاک پاؤڈر برابر وزن میں لے کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں، اور برش کی مدد سے داغ پر بڑا بڑا لیپ کر دیں، سوکھنے پر برش سے رگڑ کر دھو لیں.

چکنائی کے داغ دھبے


اگر مناسب دھلائی کے باوجود کپڑوں سے چکنائی کے داغ دھبے صاف نہ ہورہے ہوں تو مندرجہ ذیل ٹوٹکے استعمال کرنے سے چکنائی کے داغ باآسانی اتر جائیں گے.

✤ چکنائی کے داغ پر میدہ اور چاک پاؤڈر ڈال کر تھوڑی دیر کیلئے چھوڑ دیں، چند منٹ بعد داغ پر دوسرا کپڑا یا بٹر پیپر رکھ کر استری کریں اور برش سے رگڑ کر دھولیں. اسکے علاوہ چکنائی کے داغ مٹانے کیلئے داغ پر جاذب کاغذ یا ٹیشو پیپر رکھ کراستری کریں. چکنائی کے داغ کو سپرٹ سے صاف کرنے سے بھی داغ مٹ جاتے ہیں.

✤ اونی کپڑوں، کمبل، شال وغیرہ پر چکنائی کے داغ لگ جائیں تو ان پر دہی لگا کر 20 منٹ تک چھوڑ دیں اور پھر نیم گرم پانی سے کپڑے دھولیں. اسفنج یا فلالین کے ٹکڑے تارپین کے تیل میں بھگوکر داغ پر رگڑنے سے بھی داغ مٹ جاتے ہیں. سوتی کپڑؤں سے چکنائی کے داغ مٹانے کیلئے انہیں گرم پانی اور صابن سے رگڑ کر دھولیں.

دیگر داغ دھبے


ریشمی، سوتی، اونی، کاٹن یا کسی بھی قسم کے سفید اور رنگ دار کپڑوں سے ہر قسم کے داغ اتارنے کیلئے مندرجہ ذیل ٹوٹکوں پر عمل کریں.

✤ اگر کپڑوں پر پھلوں مثلاً کیلے، جامن ، انار، سٹابری وغیرہ کے داغ لگ جائیں تو پہلے داغ پر لیموں رگڑیں اور پھر صابن لگا کر گرم پانی سے دھولیں.

✤ اونی یا ریشمی کپڑوں پر اگر کسی بھی قسم کا داغ لگ جائے تو داغ پر گلیسرین لگا کر امونیا کے پتلے پانی میں بھگو دیں. ایک گھنٹے بعد ٹھنڈے پانی سے دھونے پر داغ صاف ہو جاتے ہیں. کپڑوں سے مٹی کے داغ اتارنے کیلئے داغوں پر آلو کاٹ کر رگڑیں یا داغ پر پیٹرول لگا کر دھوپ میں رکھ دیں داغ اڑ جائےگا۔

✤ کپڑوں سے زنگ کے داغ اتارنے کیلئے دہی کی چھاج میں زنگ والا حصہ بھگو دیں. چند منٹ بعد ایگزیلک ایسڈ سے داگ صاف کریں. اسکے علاوہ زنگ کے داغ پر لیموں کا رس یا سرکہ لگا کر تھوڑی دیر کیلئے چھوڑ دیں، داغ صاف ہو جائے گا. کپڑوں سے کولتار کے داغ اتارنے کیلئے داغوں پر پیٹرول لگا دیں، تھوڑی دیر بعد نیم گرم پانی سے دھو ڈالیں.

✤ کپڑوں سے میک اپ کے داغ اتارنے کیلئے داغ پر گلیسرین لگائیں اور 10 منٹ بعد گیلے اسپنج سے صاف کر لیں. مہندی کے داغ اتارنے کیلئے کھانے والے چونے کا پیسٹ بنا کر داغ پر لگائیں اور سوکھ جانے پر برش سے رگڑ کر دھو لیں. اگر کپڑوں کے رنگ اڑنے کا مسلہ ہو تو 1 چمچ لیمن جوس میں 1 چمچ سرکہ اورتھوڑا سا پانی ملا کر دھبے پر لگائیں اور تیز دھوپ میں رکھ دیں، داغ صاف ہو جائیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں