پیڈی کیور ٹپس

ads

ہمارے پاؤں ہمارے جسم کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا عضو ہیں. ہم میں سے بہت سے لوگ یہ سوچ کر پیروں کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ ہمارے پاؤں تو دوسروں کی نظروں سے چھپے ہوئے ہیں. پیر چونکہ ہمارے جسم کا وزن اٹھاتے ہیں اس لیے جسم کے دوسرے حصوں کی طرح ان کی نگہداشت بھی بہت ضروری ہے. صاف ستھرے پاؤں آپ کو مسرت کا احساس دلاتے ہیں اور جسم کے دوسرے حصوں کی طرح باقائدہ نگہداشت کا حیرت انگیز جواب دیتے ہیں.

اگر پاؤں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو وقت گرزنے کے ساتھ ساتھ پاؤں بد صورت ہو جاتے ہیں اور بعض لوگوں کو ایڑیوں کے پٹھنے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے. اگر آپ اپنے پاؤں کو صحت مند اور خوبصورت بنانا چاہتی ہیں تو پاؤں کی روز مرہ دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ان کا مہینے میں کم از کم 2 بار پیڈی کیور ضرور کریں.

پیڈی کیور

پیڈی کیور کروانے کیلئے اب آپ کو بیوتی سیلون جانے کی ضرورت نہیں. کیونکہ آپ اپنے پاؤں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور گھریلو پیڈی کیور کرنے کیلئے مندرجہ ذیل ٹپس کی مدد سے گھر میں ہی باآسانی پیڈی کیور کر سکتی ہیں. پیڈی کیور کیلئے آپ کو ان چیزوں کی ضرورت ہو گی، جنہیں بروئے کار لا کر آپ نہ صرف بیوٹی سیلون میں کیے گئے بے جا اخراجات کو کنٹرول کر سکتی ہیں بلکہ گھر بیٹھے بہترین انداز میں اپنے پاؤں کا پیڈی کیور بھی کر سکتی ہیں.

گھر پر پیڈی کیور کرنے کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل چیزوں کی ضرورت ہو گی.

✤ نیل فائلر، نیل اور کیوٹکل کٹر
✤ پاؤں کی کھرجنی، بڑا پلاسٹک کا ٹپ (پیر ڈبونے کیلئے)
✤ میعاری موائسچرائزنگ لوشن، لیکوئڈ سوپ
✤ کاٹن پیڈ یا روئی کے ٹکڑے، نمک اور روغن زیتون
✤ نیل پالش ، نیل پالش ریموور اور نیل وارنش

گھر پر پیڈی کیور کرنے کیلئے مندرجہ ذیل طریقہ پر عمل کرکے کھردرے اور بد صورت پاؤں کو خوبصورت اور نرم و ملائم بنائیں.

اگر آپ کے پاؤں پر پہلے سے نیل پینٹ لگا ہوا ہے تو پیڈی کیور سے پہلے اسکو اتارنا نہ بھولیں. نیل پالش کو اتارنے کیلئے کاٹن پیڈ یا روئی کے ٹکڑوں کو نیل پالش ریموور سے بھگو لیں، پھر ان ٹکڑے کو پاؤں کے ناخنوں پر نرمی سے رگڑتے ہوئے نیل پینٹ اتارلیں.

اسکے بعد پاؤں کی صفائی کیلئے پلاسٹک ٹپ میں اتنا نیم گرم پانی لیں کہ ان میں پاؤں اچھی طرح ڈوب جائیں. پھر نیم گرم پانی میں لیکوڈ سوپ اور نمک ملا کر اس میں پاؤں کو تقربیا 5 منٹ تک بھیگا رہنے دیں. اسکے بعد پیروں اور ایڑیوں کو کھرجنی سے اچھی طرح رگڑیں. اس سے نہ صرف آپکے پیروں پر جمی میل صاف ہوگی بلکہ پیروں کی رگیں بھی پرسکون ہو جائیں گی.

نوٹ: جب بھی آپ ایک پیر کی صفائی کر رہی ہوں تو دوسرے پیر کو پانی کے ٹپ میں بھیگا رہنے دیں.

پھر اپنے پیروں کو تولیے کی مدد سے خشک کر لیں اور پاؤں کے ناخنون کی صفائی کیلئے ہر ناخن پر زیتون کا تیل لگائیں، اس سے ناخن نرم ہوجائیں گے. روغن زیتون ناخنوں پر موجود مردہ خلیوں کو صاف کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے. چند قطرے روغن زیتون کے ناخنوں کے آس پاس کی جلد پر لگائیں اور مساج کریں، پھر ناخنوں کے کناروں کو کیوٹکل پشر کی مدد سے آرام سے پیچھے کی طرف پش کریں اور ان میں پھنسی میل صاف کریں.

اگر آپ کے پیروں کے ناخن زیادہ بڑے یا لمبے ہیں تو انہیں نیل کٹر کی مدد سے مناسب لمبائی تک کاٹ لیں. اس بات کا خیال رکھیں کہ ناخن کاٹتے وقت ناخنوں کو بہت اندر تک کاٹنے سے گریز کریں. کیونکہ یہ عمل نہ صرف آپکے پاؤں میں درد کی وجہ بنتا ہے بلکہ اس طرح پاؤں کے ناخنوں سے خون رسنے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے.

ناخن کاٹنے کے بعد کٹے ہوئے ناخنوں کو برابر کرنے کے لیے ان پر نیل فائلر کا استعمال کریں. اس کے بعد نیل بفر کا استعمال کریں، نیل بفر استعمال کرنے سے نہ صرف ناخنوں کا کھردرا پن ختم ہو گا بلکہ ناخنوں میں چمک بھی رونما ہو گی.

اب کسی میعاری موائسچرائزنگ لوشن کی مدد سے پاؤں کا مساج کریں. اپنے پاؤں کا مساج اس انداز سے کریں کہ اس سے نہ صرف پاؤں کو شگفتہ اور ملائم نکھار ملے بلکہ آپ کے پیروں کے مساموں سے تھکاوٹ بھی دور ہو جائے.

آخر میں تولیے کی مدد سے پیروں کو ایک بار پھر خشک کر لیں. اسکے بعد ناخنوں پر مناسب رنگ کی نیل پالش لگائیں اور 5 سے 10 منٹ تک کے لیے نیل پالش کو خشک ہونے دیں. اسے کے بعد نیل وارنش لگائیں اور 15 منٹ تک خشک ہونے دیں.

لیجیئے آپ کا گھریلو پیڈی کیور مکمل ہو گیا. اب آپ کے پاؤں پہلے سے زیادہ شاندار، نرم و ملائم اور خوبصورت دکھائی دیں گے. پیڈی کیور کا یہ عمل آپ مہینے میں 2 دفعہ ضرور دہرائیں اس سے نہ صرف آپ کے پاؤں خوبصورت اور صاف دکھائی دیں گے بلکہ یہ عمل آپکی تھکاوٹ دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گا.

گھریلو پیڈی کیور

جیسا کہ آپ جانتی ہیں کہ پیڈی کیور کرنے کیلئے کافی سرمایا اور وقت درکار ہوتا ہے. اگرآپ کے پاس پیڈی کیور کیلئے زیادہ وقت اور سرمایا نہیں ہے تو مندرجہ ذیل میں پیڈی کیور کے کچھ طریقے بیان کیے گئے ہیں جو سستے ہونے کے ساتھ ساتھ کم وقت میں بہترین نتائج دیتے ہیں.

پہلا طریقہ


اس طریقے سے پیڈی کیور کرنے کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل اشیاء کی ضرورت ہو گی.

✤ ایپسم سالٹ (Epsom Salt) – آدھا کپ
✤ کیموم آئل یا لاوینڈر آئل – 20 قطرے
✤ پھول کی پتیاں – مٹھی بھر
✤ انگور کے بیج کا تیل یا سورج مکھی کا تیل – ایک چوتھائی کپ

ایک بڑے پلاسٹک ٹپ میں نیم گرم پانی ڈال کر اس میں آدھا کپ نمک، 10 قطرے کیموم آئل اور پھولوں کی پتیاں ڈالں اور اس میں تقربیا 10 منٹ کیلئے پیروں کو بھگوئیں. اس کے بعد ایک پیالے میں روغن انگور یا سورج مکھی کا تیل اور10 قطرے کیموم آئل کے ڈال کر ملا لیں اور اس سے پاؤں کا مساج کریں. اسکے بعد پاؤں خاص طور پر تلووں اور ایڑیوں کو کھرجنی سے اچھی طرح رگڑ یں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں.

دوسرا طریقہ


اس طریقے سے پیڈی کیور کرنے کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل اشیاء کی ضرورت ہو گی.

✤ نیل کٹر، کھرجنی یا نوک دار پتھر
✤ پلاسٹک ٹپ، تولیہ
✤ نیم گرم پانی، ڈیٹول اور لیکوڈ سوپ
✤ موائسچرائزنگ لوشن یا کریم

سب سے پہلے پاؤں کے ناخنوں کو مناسب لمبائی تک کاٹ لیں، عموما پاؤں کے ناخنوں کو ہلال شکل کی بجائے سیدھے کاٹیں. اسکے بعد پلاسٹک ٹپ میں نیم گرم پانی، صابن اور ڈیٹول ملا لیں اور 5 منت تک پیروں کو اس میں ڈبوئے رکھیں. اسے بعد کھرجنی یا نوک دار پتھر کی مدد سے ایڑیاں صاف کریں. اب پاؤں باہر نکال کر تولیے کی مدد سے اچھی طرح صاف کر لیں اور موائسچرائزنگ کریم یا لوشن سے پاؤں کا مساج کریں.

اپنا تبصرہ بھیجیں