کوکنگ ٹوٹکے

ads

جیسا کہ آپ جانتی ہیں کہ ہمارے معاشرے میں ایسی خواتین کو زیادہ فوقیت دی جاتی ہے جوخوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ مزیدار اور لذیذ کھانے بنانے میں مہارت رکھتی ہوں. گھر والوں اور مہمانوں کیلئے لذیذ اور خوشبودار کھانا پکانا ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے، مگر گھر میں خواتین کو کھانا بنانے اور پکانے کے دروان بہت سی چھوٹی موٹی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے. جبکہ بعض خواتین ان چھوٹی موٹی پریشانیوں سے جلد گھبرا جاتی ہیں اور کھانا پکانے میں دلچسپی نہیں لیتی جس سے بعض اوقات کھانا صیح نہیں بنتا.

کوکنگ ٹوٹکے

اگر آپ کو کھانا بنانے کے دروان کچن میں مختلف دشواریوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ مندرجہ ذیل میں بیان کیے گئے کوکنگ ٹوٹکوں ان روزمرہ دشواریوں پر قابو پا سکتی ہیں. بیان کیے گئے کوکنگ ٹوٹکوں کی حثیت صرف تجربات کی بنیاد پر ہے.

پیار کاٹنے سے پہلے اگر چھری کی نوک پر آلو کا ٹکرا لگا دیں تو نہ ہی آنکھوں میں جلن ہوگی اور نہ ہی پانی آئے گا، اسکے علاوہ اگر پیاز کو 5 منٹ کیلئے فرج میں رکھ کر کاٹا جائے تو بھی آنکھوں سے پانی نہیں بہتا. اسی طرح کرارے پیازتلنے کیلئے ہمیشہ ٹھنڈے تیل میں پیاز ڈال کر فرائی کریں.

لہسن سے چھلکا اتارنے کیلئے انہیں سبزی کاٹنے کے تختے پر رکھیں اور پھر ایک بھاری اور چوڑے چاقو کا ہموار حصہ ان پر رکھ کر ہتھیلی سے دبائیں، لہسن سے چھلکا اتر جائے گا. اسی طرح ٹماٹروں پر ابلتا ہوا پانی ڈالیں تو ان کا چھلکا بھی باآسانی اتر جاتا ہے.

کریلے کی کرواہٹ ختم کرنے کے لیے ان پر ذرا سا گڑ ڈال دیں، یا کریلے چھیل کر ان پر نمک چھڑکیں اور ایک گھنٹے کے لئے دھوپ میں رکھ دیں. میتھی کی کرواہٹ ختم کرنے کیلئے میتھی کو کاٹ کر تھوڑی سی ہلدی کے ساتھ 20 منٹ تک بھگو دیں تو کرواہٹ ختم ہو جاتی ہے.

آلو کے چپس خستہ بنانے کیلئے آلوں کو کاٹ کر نمک اور سرکہ ملے پانی میں ڈبو دیں اور تلنے سے چند منٹ قبل پانی پھینک کر کاغذ پر پھیلا دیں. سالن میں آلو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے آلو کاٹنے کے بعد ان پر نمک لگا کر 10 منٹ کے لئے رکھ دیں اور پھر دھو کر ہانڈی میں ڈال دیں.

بھنڈی کو خستہ رکھنے کیلئے پکانے سے پہلے لیموں کا رس اچھی طرح ملا دیں اور جب پک جائیں تو نمک ڈال لیں. اسی طرح بیگن کا بھرتہ بنانے کیلئے بیگن کو ابالنے کی بجائے تھوڑا سا سرسوں کا تیل لگا کر سینک لیں تو بھرتہ مزیدار بنے گا اور چھلکا بھی آسانی سے اتر جائے گا.

نئے چاول پکانا مشکل ہوتے ہیں، اگر چاولوں کو بھگوتے وقت ان میں اچھی طرح نمک ملا دیں تو وہ پرانے چاولوں کی طرح پکیں گے. اگر دم پر چاول جل جائیں اور بو آنے لگے تو 4 عدد ڈبل روٹی کے توس چاولوں پر پھلائیں اور ان پر تھوڑا سا دودھ ڈال کر 5 منٹ کے لئے مزید دم پر رکھ دیں تو بو ختم ہو جائے گی.

آٹا ہمیشہ نیم گرم پانی سے گوندھیں اور ذرا سا کھانے کا تیل آٹے کے اوپر لگا دیں تو آٹا ہفتہ بھر خمیر نہیں ہو گا. روٹی پکا کر روٹی کے برتن میں ادرک کا ٹکڑا رکھ دیں تو روٹی سارا دن نرم رہے گی. نرم اور خستہ پراٹھے بنانے کیلئے ان پر لکڑی کے چمچے سے گھی لگائیں تو پراٹھے نرم بنیں گے.

مرغی کو پکانے سے پہلے اگر 2 چمچ دہی لگا کر 10 منٹ کے لیے رکھ دیا جائے اور پھر دھو کر پکایا جائے تو مرغی سے بو ختم ہو جاتی ہے. دیسی مرغی کو جلدی گلانے کیلئے ایک ثابت چھالیہ ڈالیں تو جلد گل جائے گی. خربوزے کے چھلکے سکھائیں اور پاؤڈر بنا کر رکھ لیں جب گوشت جلدی گلانا ہو تو دو تین چٹکی ڈال دیں.

مچھلی کو دھوتے وقت سرکہ اور نمک لگانے سے مچھلی کی بو دور ہو جاتی ہے. باسی مچھلی کی بو دور کرنے کیلیے تھوڑی سے لال مسور کی دال پیس کر مچھلی پر لگائیں، اور 5 منٹ بعد دھو لیں تو بو دور ہو جائے گی. جھینگوں کی تازگی جانچنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ خشک اور سخت ہوں.

سالن میں تیل یا گھی کی تری کسی وجہ سے اوپر نہ آ رہی ہو تو دم پر 1 کیوب برف کا ڈال دیں فوراً تری اوپر آجائے گی. تیل میں انڈا یا کباب تلتے وقت تیل میں چٹکی بھر ہلدی ڈال دی جائے تو جھاگ نہیں بنتی. پکوڑے، سموسے، کچوریاں یا کباب تل کر ان پر چٹکی بھر بیسن چھڑک دیا جائے تو تیل جذب ہو جاتا ہے.

تیار کیک میں سے انڈے کی بو ختم کرنے کیلئے کیک کا بٹر بناتے وقت اس میں ایک کھانے کا چمچ شہد ڈال دیں. کیک یا بسکٹ بیک کرتے وقت اگر اوون میں 1 پیالہ پانی رکھ دیا جائے تو کیک یا بسکٹ نہیں جلتے. کیک کو کئی دنوں تک تازہ رکھنے کے لیے کیک کے ساتھ ایک توس کا ٹکڑا رکھ دیں.

زیادہ بالائی کیلئے آدھا کلو دودھ میں 1 چمچ سنگھاڑے کا آٹا ملا دیں اور ہلکی آنچ پر دودھ کو 4 سے 5 ابال کے جوش آنے کے بعد اتار دیں. دہی جلدی جمانا ہو تو دودھ میں تھوڑا سا ٹارٹرک ایسڈ ملا دیں. پنیر کو نرم و تازہ رکھنے کیلئے ململ کے کپڑے کو سرکہ میں بھگو کر پنیر کے اوپر لپیٹ دیں، پنیر کئی دن تک تازہ رہے گا.

پھلوں سے زیادہ رس نکالنے کیلئے انہیں تھوڑی دیر کیلئے گرم پانی میں ڈبو دیں. اگر لیموں یا سنگترے کو کاٹ کر 1 منٹ کیلئے مائیکرو ویو میں رکھ دیں اور پھر ان میں سے رس نکالیں تو رس زیادہ اور آسانی سے نکل آئے گا. سیب یا کیلے کاٹنے کے بعد ان پر لیموں کا عرق چھڑک دیا جائے تو وہ کالے نہیں ہوتے.

گھر میں آئس کریم بنا کر اگر اسے فریز کیا جائے تو وہ ٹھوس برف جیسی ہو جاتی ہے. اسکے لیے آئس کریم کے مکسچر کو ٹرے میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں اور ہر 15 منٹ بعد کناروں سے آئس کریم میں چمچہ چلا کر درمیان میں لے آئیں. کیونکہ آئس کریم ہمیشہ کناروں سے پہلے جمتی ہے. استعمال کی ہوئی آئس کریم کے ڈبہ کو فریج میں واپس رکھنے سے پہلے اگر آئس کریم کی سطح پر باریک پلاسٹک لگا دیں تو آئس کریم میں برف نہیں جمے گی.

میونیز بنانے کے بعد اگر پتلی ہو جائے تو 1 انڈے کی زردی میں 2 قطرے لیمن جوس کے ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور میونیز میں ملا دیں. کریم کو ساور کریم بنانے کیلئے اس میں آدھا چمچ لیموں کا رس ملا کر خوب پھینٹ لیں. دہی اگر کھٹا ہو جائے تو اس میں 2 کپ پانی ڈال کر فریج میں رکھ دیں، چند گھنٹوں بعد دہی نیچے بیٹھ جائے گا اور پانی اوپر آجائے گا. دہی سے پانی نتھار لیں اور اس میں 1 کپ دودھ شامل کر کہ 10 منٹ کیلئے فرج میں رکھ دیں.